’بد سلوکی‘ کا نشانہ بننے والی نادیہ حسین کی مبینہ ملازمہ سامنے آگئیں

کچھ دن قبل اداکارہ، ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین کی ’بد سلوکی‘ کا نشانہ بننے والی گھریلو ملازمہ سامنے آگئی۔

’ہیلو‘ میگزین نے ’رانی‘ نامی ایک گھریلو ملازمہ نے مختصر ویڈیو جاری کی، جس میں وہ دعویٰ کرتی دکھائی دیں کہ وہ وہی ملازمہ ہیں، جن پر نادیہ حسین نے غصہ کیا تھا۔

مختصر ویڈیو میں ’رانی‘ نامی لڑکی نے اپنے مخصوص انداز میں بتایا کہ وہ وہی لڑکی ہیں، جن پر نادیہ حسین نے غصہ کیا تھا اور یہ کہ غلطی اس کی اپنی ہی تھی، جس وجہ سے اداکارہ نے ان پر غصہ نکالا۔

ملازمہ نے اداکارہ کو ’باجی‘ بلاتے ہوئے کہا کہ نادیہ حسین انہیں چھوٹی بہنوں کی طرح سمجھتی ہیں اور ان سے متعلق جو باتیں کی جا رہی ہیں، وہ غلط ہیں، وہ اچھی خاتون ہیں، ان سے متعلق مزید بری بری باتیں نہ کی جائیں۔

’رانی‘ نے بتایا کہ وہ موبائل فون پر ٹک ٹاک دیکھنے لگ گئی تھیں، جس وجہ سے ان کی غلطی پر نادیہ حسین نے انہیں ڈانٹا تھا مگر اب اداکارہ ٹھنڈی ہوگئی ہیں، کیوں کہ انہیں ایک ریفریجریٹر کمپنی نے نیا ٹھنڈا فرج دے دیا۔

رانی نے بتایا کہ ٹھنڈا فرج ملنے کے بعد اب نہ صرف نادیہ حسین ٹھنڈی ہوگئیں ہیں بلکہ ملازمہ خود بھی ٹھنڈی ہوگئیں۔

میگزین کی مذکورہ پوسٹ پر نادیہ حسین نے کمنٹ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ’وہ ان کی ملازمہ نہیں ہیں‘ اور نہ کبھی رہی تھیں‘۔

اس سے قبل نادیہ حسین نے ملازمہ کے ساتھ ’بد سلوکی‘ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وضاحت کی تھی کہ دراصل وہ ویڈیو ایک مہم کا حصہ تھیں اور اگلے کچھ دن میں لوگوں کو مذکورہ مہم سے مزید معلومات مل جائے گی۔

نادیہ حسین نے مذکورہ وضاحت اس وقت دی تھی جب کہ سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ ملازمہ کو ڈانٹتی دکھائی دی تھیں۔

ملازمہ کو ڈانٹنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے نادیہ حسین پر سخت تنقید کی تھی، جس کے بعد انہوں نے وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا وائرل ویڈیو مہم کا حصہ تھی۔

اب جہاں نادیہ حسین کی ’ڈانٹ‘ کھانے والی لڑکی کی ویڈیو سامنے آئی ہے جو خود کو اداکارہ کی ملازمہ قرار دے رہی ہیں، وہیں اداکارہ نے بھی واضح کیا ہے کہ مذکورہ لڑکی ان کی ملازمہ نہیں ہے۔

دوسری جانب الیکٹرک کمپنی نے بھی نادیہ حسین کی دو ویڈیوز جاری کی ہیں، جن میں سے ایک ویڈیو میں وہ ملازمہ کو ڈانٹنے کی بات کرتی دکھائی دیں جب کہ دوسری ویڈیو میں کمپنی کی جانب سے اداکارہ کو نیا فرج تحفے میں دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

By admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے